وزیراعظم کی دورہ ایران کے بعد وطن واپسی، کل سعودی عرب جانے کا پروگرام

Last Updated On 14 October,2019 09:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تہران اور ریاض میں کشیدگی کم کرانے کا مشن، وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورہ ایران کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، عمران خان کل سعودی عرب جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان ریاض دورے کے موقع پر سعودی فرما نرواں شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عمران خان گذشتہ روز ایک روزہ ہنگامی دورے پر تہران پہنچے، ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقاتیں کیں۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے خلیجی ممالک کو ممکنہ فوجی تنازع سے بچانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا خلیجی ممالک میں تمام فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر روحانی کو پانچ اگست کے بھارتی اقدام سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے خطے کا امن و سلامتی خطرے میں ہے۔
 

Advertisement