شہزادہ ولیم کوچترال میں پہنائی گئی ٹوپی پرمارخور کا نشان

Last Updated On 16 October,2019 09:57 pm

(ویب ڈیسک) برطانوی شاہی جوڑے نے دورہ پاکستان کا تیسرا روز وادی کیلاش کے لوگوں کے ساتھ گزارا جہاں پر انہیں ایک تقریب کے دوران خوبصورت چترالی ٹوپیاں پہنائی گئیں اور ان کے سامنے روایتی رقص پیش کیا گیا۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی تصاویر میں شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کو خوب محظوظ ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ شہزادہ ولیم کے سر پرچترالی ٹوپی پر موجود مارخور کا نشان بھی انٹرنیٹ صارفین کی توجہ کا مرکز بنارہا۔

مارخور کیا ہے؟ 

مارخور جنگلی بکرے کی قسم کا ایک پہاڑی چرندہ اور پاکستان کا قومی جانور ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں اس کی پانچ اقسام ہیں جن میں سے تین اقسام پاکستان میں پائی جاتی ہیں۔ جنہیں سلیمان مارخور، کشمیر مارخور اور استور مارخور کہا جاتا ہے۔

سلیمان مارخور کوہ سلیمان میں پایا جاتا ہے۔ کشمیر مارخور چترال کے علاقے میں نظر آتا ہے اور استور مارخور کا مسکن گلگت کے علاقے ہیں۔

اِس کے قد و قامت میں نمایاں اِس کے مضبوط اور مڑے ہوئے سینگ ہیں جن کی لمبائی 143 سینٹی میٹر تک ہوسکتی ہے۔ جبکہ اِس کا وزن 104 کلو گرام تک ہوتا ہے اور اونچائی 102 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔

 

مارخور فارسی کے الفاظ کا مجموعہ ہے، جس میں ’مار‘ کے معنی سانپ اور ’خور‘ کے معنی ہیں کھانے والا۔ مارخور کے متعلق بہت سی لوک کہانیاں بھی مشہور ہیں۔ اِن مقامی لوک کہانیوں کے مطابق مارخور سانپ کو مار کر اُس کو چبا جاتا ہے، اور اُس جگالی کے نتیجے میں اِس کے منہ سے جھاگ نکلتا ہے جو نیچے گر کر خشک اور سخت ہوجاتا ہے اور جسے پھر سانپ کے کاٹنے پر تریاق کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔