موسم کی خرابی، برطانوی شاہی جوڑے کا طیارہ لاہور میں دوبارہ لینڈ کر گیا

Last Updated On 17 October,2019 10:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) برطانوی شاہی جوڑا اپنا دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہوا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی مہمان جوڑے کے طیارے کا رخ واپس موڑتے ہوئے علامہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرا دیا گیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق موسم ٹھیک ہونے پر رائل ایئر فورس کا طیارہ دوبارہ اسلام آباد جائے گا۔ طیارہ لینڈ کرنے پر ایئرپورٹ کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ لاہور ایئر پورٹ پر وی آئی پی لاؤنج کھول دیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق رائل ائیر فورس کے طیارے نے شام کے وقت لاہور سے اسلام آباد کیلئے اڑان بھری تھی، اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث طیارے کو ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی۔ پونے دو گھنٹے بعد برطانوی شاہی طیارہ واپس لاہور پہنچ گیا۔

رائل طیارے میں شاہی جوڑے کے ساتھ سفر کرنے والے برطانوی صحافی کرس شپ نے ٹویٹ کیا کہ رائل ائیر فورس کا جہاز اسلام آباد کی فضا میں ہچکولے کھانے کے بعد واپس لاہور کے لئے مڑا اور جہاں سے سفر کا آغاز کیا واپس وہیں لینڈ کیا۔

 

برطانوی صحافی کا مزید کہنا تھا کہ شہزادہ ولیم جو خود ایک پائلٹ ہیں، وہ جہاز کے باقی افراد کی نسبت کم پریشان دکھائی دیئے۔