نواز شریف کی حالت قدرے بہتر، پلیٹ لیٹس کی تعداد 29 ہزار سے تجاوز کرگئی

Last Updated On 23 October,2019 11:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کو 4 میگا یونٹس لگنے سے پلیٹ لیٹس کی تعداد 29 ہزار ہوگئی، میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کی صحت بہتر قرار دے دی۔

 سابق وزیراعظم نواز شریف کا سروسز ہسپتال لاہور میں علاج جاری ہے، 6 رکنی بورڈ سمیت سینئر ڈاکٹر نواز شریف کے علاج معالجے میں مصروف ہیں۔ پروفیسر محمود ایاز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 29 ہزار ہوگئی، بورڈ کچھ دیر بعد نواز شریف کا طبی معائنہ کرے گا، معائنے کے بعد 6 رکنی بورڈ کا اجلاس آج پھر ہوگا۔

 پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا اجلاس میں سابقہ ٹیسٹ رپورٹس نئی ادویات کا جائزہ لے گا، نواز شریف کے مزید ٹیسٹ سے متعلق بھی بورڈ فیصلہ کرے گا، نواز شریف کے علاج کے لئے تین شفٹوں میں 21 ڈاکٹرز نواز شریف کے علاج کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

 مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا نواز شریف کی صحت بہتر ہو رہی ہے، بیرون ملک جانے میں صداقت نہیں۔ ادھر مسلم لیگ ن کی رکن سعدیہ تیمور نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا ئی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز کو نواز شریف سے ملاقات کیلئے پرول پر رہا کیا جائے۔

دوسری طرف محکمہ داخلہ پنجاب نے نیب کی درخواست پر سابق وزیر اعظم کی سکیورٹی بڑھا دی ہے، وی وی آئی پی وارڈ میں سی سی ٹی وی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں۔