'کسی کو عوام کے معمولات زندگی میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں'

Last Updated On 22 October,2019 03:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب نے واضح اعلان کر دیا کہ کسی کو عوام کے معمولات زندگی میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ اور اپوزیشن کے دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اہم فیصلے کر لئے گئے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا قانون شکن عناصر اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

پنجاب کابینہ کی جانب سے ای سٹیمپ رولز 2016 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی، ترمیم کے بعد عوام کو آن لائن ادائیگی کی سہولت ملے گی، کابینہ نے پنجاب پولیس (منسٹریل پوسٹس) رولز 2017 میں ترامیم کا معاملہ محکمہ قانون کی اجازت سے مشرو ط کر دیا۔ پنجاب پولیس میں انسپکٹر لیگل (سپیشلسٹ کیڈر) بی ایس 16 کی بھرتیوں کے حوالے سے پولیس رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

ضابطہ فوجداری (کوڈ آف کریمنل پروسیجر) میں بھی ترامیم کی منظوری دے دی، حکومت مجاز افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کر سکے گی، پنجاب کابینہ نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کیلئے وائس چانسلر کی تعیناتی کے طریقہ کار، سرچ کمیٹی کی تشکیل اور گائیڈ لائنز کی بھی منظوری دے دی۔
 

Advertisement