حکومتی کمیٹی کا جے یو آئی (ف) سے پہلا رابطہ، عبدالغفور حیدری سے آج ملاقات طے

Last Updated On 20 October,2019 12:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کیساتھ مذاکرات کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی طرف سے قائم کی گئی مذاکراتی کمیٹی کے ممبر چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے مولانا عبد الغفور کو ٹیلیفون کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبد الغفور کو ٹیلیفون کیا ہے، یہ حکومتی کمیٹی کی طرف سے جے یو آئی (ف) کے ساتھ پہلا باضابطہ رابطہ تھا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کے دوران طے پایا کہ حکومتی مذاکرات کمیٹی کے رہنما صادق سنجرانی اتوار کو مولانا عبد الغفور حیدری سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات جے یو آئی (ف) کے رہنما کے گھر ہو گی۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبد الغفوری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ رابطہ ہوا ہے، حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو ہم بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ اتوار کو ملاقات ہو گی، دیکھیں گے کہ حکومتی کمیٹی کی تجاویز کیا ہیں، ہمارا مؤقف وہی ہے جو ایک سال سے چل رہا ہے۔ مذاکرات کمیٹی کی ذمہ داری رہبر کمیٹی کو بھی سونپی جا سکتی ہے، مذاکراتی کمیٹی کا مؤقف مولانا فضل الرحمن کے سامنے رکھیں گے، مذاکرات کے حوالے سے حتمی فیصلہ جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے ہی کرنا ہے۔

یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کو روکنے کیلئے حکومت حرکت میں آ گئی تھی اور مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

حکومت کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک تھے، جبکہ دیگر ممبران میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئر مین سینیٹ صادق سنجران، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری بھی مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کرنے کیلئے بنائی گئی حکومتی ٹیم میں شامل ہیں۔