حکومت کو جانا ہوگا، احتجاج آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے: احسن اقبال

Last Updated On 20 October,2019 10:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا حکومتی مذاکراتی ٹیم پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ وزیر اعظم گالیاں نکالے اور وزراء مذاکرات کا جھانسہ دیں، ممکن نہیں نااہل اور نالائق حکومت قومی، دفاعی، خارجی سلامتی و بقاءکا مسئلہ بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو جانا ہو گا، احتجاج عوام کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، خود دھرنے دینے والے کیسے اعتراض کر سکتے ہیں؟ مفتی یو ٹرن فضائل دھرنا اور استعفی پر اپنے فتاوی کا مطالعہ کریں۔ حکومتی مذاکرات کی پیشکش بغل میں چھری، منہ پہ رام رام کے مترادف ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 126 دن کے دھرنے میں سکول بند رہے، چینی صدر کا دورہ نہ ہوسکا، اب بچوں کی تعلیم کا خیال آ رہا ہے؟ مذاکرات سے پہلے عمران خان 2014ء کے دھرنے پہ قوم اور نواز شریف سے معافی مانگیں، پی ٹی وی، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ پر چڑھائی کرنے والے کس منہ سے آج درس دے رہے ہیں؟

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی، ہنڈی، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ لاؤ کے نعرے آج بھی لوگوں کے ذہن میں محفوظ ہیں، ایک طرف نالائق وزیراعظم مذاکراتی ٹیم کا دھوکہ دیتا ہے تو دوسری جانب سیاسی مخالفین کو گالیاں دیتا اور تضحیک کرتا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس اپنی نالائقی اور نااہلی پر مبنی کارکردگی کے لئے کوئی بیانیہ موجود نہیں، شہبازشریف اور فضل الرحمن ہی نہیں پورا پاکستان آپ کو نااہل اور ناکام کہہ رہا ہے، پارلیمان کو تالا، اپوزیشن کو انتقامی کاروائی کا نشانہ، ہر مخالف آواز بند، ایسی فسطائیت کیخلاف کھڑے ہونا عین جمہوریت ہے، عوام مہنگائی، بے روزگاری اور خان کی حماقتوں سے نجات چاہتی ہے، عوام، اپوزیشن ، تاجر، مزدور، طلبہ اور میڈیا سب باہر نکلیں گے۔

وزیراعظم آج استعفی دیں معیشت کل خود بخود سنبھل جائے گی: مریم اورنگزیب

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ قوم نے وزیراعظم عمران خان کی نالائقی اور نا اہلی کا نوٹس لے لیا ہے۔ ‎عمران صاحب آپ آج استعفی دیں معیشت کل خودبخود سنبھل جائے گی۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اب آپ کے گھبرانے کا وقت ہو گیا ہے، ‎عمران صاحب آپ کی اپنی نالائقی، نااہلی، معاشی پلان اور وژن کی عدم موجودگی مہنگائی اور معاشی تباہی کی اصل وجوہات ہیں۔

لیگی ایم این اے کا کہنا تھا کہ ‎مہنگائی کا الزام پہلے ہمارے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف پر اور اب صوبوں پر ڈالنے سے آپ کی نالائقی اور نااہلی نہیں چھپ سکتی، ‎مہنگائی پر نوٹس لینے کے بجائے سلیکٹڈ نالائق اور نااہل وزیراعظم ‎استعفی دیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‎عمران صاحب آپ آج استعفی دیں معیشت کل خود بخود سنبھل جائے گی، ‎عمران صاحب اب نوٹس لینے سے نہیں صرف آپ کے استعفے دینے سے ہی ملک چلے گا۔ اب آپ کے جانے سے روٹی، روزگار، کاروبار اور صنعت چلے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‎سرمایہ کاری کا فقدان آپ پر عدم اعتماد ہے، ‎ملک پی ٹی آئی کی نا اہلی اور نالائقی کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، ‎مسلم لیگ (ن) ہی ملک و قوم کو موجودہ معاشی بدحالی، مایوسی، مہنگائی اور غربت کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔ ‎عمران صاحب بتائیں چینی کی قیمت میں اضافے کا فائدہ جہانگیز ترین کی جیب میں جا رہا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ‎مہنگائی پر نوٹس مضحکہ خیز اورقوم کی توہین وتضحیک کے مترادف ہے۔ ‎عمران صاحب آپ پہلے مہنگائی کرتے ہیں پھر نوٹس لینے کا ڈرامہ کرتے ہیں، ‎قوم مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے کیونکہ آپ کی نالائق حکومت نے ایک سال میں تاریخی قرض لیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ‎صاحب ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھنے سے مہنگائی ہوئی، گیس 200 فیصد اور بجلی 35 فیصد سے زائد مہنگی کرنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

 

 

Advertisement