آزادی مارچ، جے یو آئی نے حکومتی کمیٹی سے آج ہونیوالے مذاکرات منسوخ کر دیئے

Last Updated On 20 October,2019 05:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزادی مارچ کے معاملے پر حکومتی کمیٹی اور جے یو آئی کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دیئے گئے، مولان فضل الرحمان نے اپوزیشن سے مشاورت کے بعد مذاکرات کا اختیار رہبر کمیٹی کو دے دیا.

حکومت اور جے یو آئی (ف) کے مذاکرات منسوخی کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، بتایا گیا ہے کہ حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کرنے پر پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمن سے ناراض ہو گئی، پیپلز پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ جے یو آئی مذاکرات کا تنہا فیصلہ کیسے کر سکتی ہے، مذاکرات سے پہلے دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیئے تھا۔

مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کومنانے کی کوشش کرتے ہوئے پی پی رہنما نیئر بخاری سے رابطہ کیا جس پر نیئر بخاری نے تحفظات سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا جس پو مولانا فضل الرحمن نے نیئر بخاری کو مذاکرات منسوخ کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے مشترکہ ہوں گے، اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھیں گے، دوسری جانب نیئر بخاری نے فضل الرحمن کا موقف بلاول بھٹو کے سامنے رکھنے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔

یاد رہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی اور جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری کے درمیان  آج ملاقات طے پائی تھی جس میں دونوں جانب سے آزادی مارچ پر تحفظات ایک دوسرے کے سامنے پیش کئے جانے تھے۔