سابق صدر آصف علی زرداری کے پلیٹ لیٹس بھی کم ہو گئے: ذرائع

Last Updated On 25 October,2019 10:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف علی زرداری گزشتہ 3 روز سے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ٹیسٹ رپورٹ میں ان کے پلیٹ لیٹس 90 ہزار تک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے پلیٹ لیٹس کی تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ ہونی چاہیے، انھیں کمر اور گردن میں شدید تکلیف کا بھی سامنا ہے۔ ڈاکٹرز نے ان تکالیف کے باعث ڈاکٹر نے انھیں نیند کی گولیاں شروع کروا دی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عارضہ قلب کے مریض کے پلیٹ لیٹس میں کمی معمول کا حصہ ہے۔ پلیٹ لیٹس میں کمی زیر استعمال ادویات کا ردعمل ہو سکتی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کو روزانہ کی بنیاد پر انسولین دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق آصف علی زرداری کو مہروں اور گردن کے درد میں کمی لانے کے لیے روزانہ فزیو تھراپی بھی کی جا رہی ہے جبکہ وہ گھر کا پرہیزی کھانا استعمال کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ تین روز سے پمز کے کارڈیک وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ کارڈیک وارڈ کو سب جیل کا درجہ حاصل ہونے پر ان سے ملاقات پر بھی پابندی عائد ہے۔