وزیراعلیٰ پنجاب کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم

Last Updated On 01 November,2019 02:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔ عثمان بزدار نے صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، سردار عثمان بزدار کو صوبے میں قیام امن کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر ہاشم ڈوگر، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا صوبے بھر میں امن و عامہ برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں، قانون شکن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیام امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی، تمام متعلقہ افسران امن و عامہ کی صورتحال کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کی مانیٹرنگ جاری رکھیں، صوبے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔