اسحاق ڈار کو بے گناہی کا اتنا یقین ہے تو واپس آکر مقدمات کا دفاع کریں: نیب

Last Updated On 04 November,2019 10:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کے معاملے پر نیب کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے، نیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معزز عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہے۔

نیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈارکے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس تیار ہے، انٹرپول کسی کو بے گناہ قرار دینے کا اختیار نہیں رکھتا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو انٹرپول سے کلین چٹ مل گئی

قومی احتساب بیورو کا مزید کہنا تھا کہ انٹرپول کو صرف متعلقہ ملزم گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کرنے کی درخواست کی جاتی ہے، انٹرپول کے انکار کے بعد نیب کے پاس دوسرے آپشنز موجود ہیں۔

نیب کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو وطن واپس لانے کی ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں، مقدمات کا فیصلہ صرف اور صرف ملکی عدالتوں کا استحقاق ہے، اسحاق ڈار کو اپنی بے گناہی کا اتنا ہی یقین ہے تو واپس آکر مقدمات کا دفاع کریں۔

قومی احتساب بیورو کا کہنا تھا کہ انٹرپول کا فیصلہ کچھ عرصے پہلے کا ہے، فیصلے کو آج پیش کرنا نیب کے خلاف مزموم پراپیگنڈہ کے کچھ نہیں۔