نواز شریف کی صحت اور علاج پر سیاست نہیں کریں گے: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 09 November,2019 12:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپنے ترجمانوں کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ کسی کی بھی صحت سے سیاست کو الگ رکھا جائے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ ہدایات اپنے زیر صدارت ہونے والے ترجمانوں کے اجلاس میں دیں۔ انہوں نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق موقف نرم رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان کی صحت اور علاج پر سیاست نہیں کریں گے۔ کسی کی بھی صحت سے سیاست کو الگ رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے ادارے آزاد ہیں۔ نیب کے کہنے پر نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، نیب کی سفارش پر ہی نام نکالا جائے گا۔ ہم اداروں کی آزادی اور خود مختاری پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ سے متعلق معاملات مذاکراتی کمیٹی دیکھ رہی ہے۔ مذاکرات کے دوران سخت بیانات دینے سے گریز کریں۔ ملکی معیشت میں استحکام آ چکا، اب اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کو نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر کوئی اعتراض نہیں، نعیم الحق