یقین ہے آج نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائیگا: چودھری سرور

Last Updated On 11 November,2019 12:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چودھری سرور نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں نواز شریف کو جلدی بیرون ملک بھجوا دیں، یقین ہے آج نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے کسی جماعت نے اپنے نتائج حاصل نہیں کئے، نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کی، چاہتے ہیں جلد انہیں بیرون ملک بجھوا دیا جائے، کچھ قانونی پہلوؤں کی وجہ سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکل سکا، انتخابات سے قبل جو وعدے کیے تھے انشااللہ پورے کریں گے۔

ادھر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی تمام رپورٹس ڈاکٹرز کو دے دی گئی تھیں، ان کو سٹیرائیڈز بھی دیئے گئے، نواز شریف کی شوگر کبھی کنٹرول نہیں ہوئی، وہ جب علاج کیلئے آئے ان کے پلیٹ لیٹس بہت کم تھے، کراچی کے ڈاکٹر طاہر شمسی کو بھی آن بورڈ لیا گیا، نواز شریف کے علاج کیلئے دیگر ڈاکٹرز کی مدد بھی لی۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا نواز شریف 6 نومبر کو ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے، وزارت داخلہ نے نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیئرنس لینے کا کہا، انہوں نے صوبائی حکومت سے میڈیکل رپورٹ طلب کی، وزارت داخلہ نے بیرون ملک علاج سے متعلق بھی رائے طلب کی، نواز شریف کی بیماری کی لمبی میڈیکل ہسٹری ہے، شوگر کا اثر گردوں اور پٹھوں پر بھی ہوتا ہے۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے مزید کہا نواز شریف جب تشریف لائے تو ان کی حالت تشویشناک تھی، ہم نے بورڈ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا، میڈیکل بورڈ خودمختار ہے، کوئی سیاسی دباؤنہیں، نواز شریف کی صحت سے متعلق بورڈ آج دوبارہ بیٹھے گا۔
 

Advertisement