نواز شریف کی بیرون ملک اڑان کی تیاریاں مکمل، کل روانگی متوقع

Last Updated On 18 November,2019 02:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عدالت سے ریلیف ملنے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کل بیرون ملک علاج کے لیے روانگی متوقع ہے۔ قطر سے ائیر ایمبولینس بھی 19 نومبر کی صبح ہی لاہور پہنچے گی، سابق وزیراعظم کو سفر کے قابل بنانے کے لیے ادویات میں ردوبدل کی جا رہی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نواز مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی روانگی کے بارے میں بتایا کہ نواز شریف کل بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے، ایئر ایمبولنس بھی کل صبح ہی پاکستان پہنچے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے نواز شریف عوام کی دعاؤں کے سائے میں لندن جائیں گے، حکومت نواز شریف سے حسد کی بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دے، حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کر کے ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکومتی مشاورت جاری ہے، وزیر اعظم عمران خان سے حکومتی قانونی ٹیم کا رابطہ ہوا، ٹیم کو عمران خان نے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیا جائے اور ایک مفصل رپورٹ کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ فیصلے کے تمام قانونی پہلوؤں پر مشاورت کی جائے اور قانونی ٹیم کابینہ اجلاس میں اراکین کو تفصیلی طور پر آگاہ کرے، حکومتی لائحہ عمل کابینہ اجلاس میں طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی کل ہی کیا جائے گا۔
 

Advertisement