'احسن اقبال کا مشن ٹونٹی ٹونٹی پورا ہونیوالا نہیں، عمران خان پانچ سالہ سیریزجیت چکے'

Last Updated On 22 November,2019 01:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ن لیگی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں، احسن صاحب آپ جس مشن ٹونٹی ٹونٹی پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا، عمران خان 2018 میں پانچ سالہ سیریزجیت چکے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کر رہی ہے، لیگی قیادت کے تمام اکاؤنٹس، کاروبار اور علاج بھی بیرون ملک میں ہے، پناما کی کرپشن اور کالی کمائی کے انبار قوم بھولی نہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں، انہوں نے ن لیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ پرآپ نےحملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک دکھاتے رہے۔ آج نئے بھیس میں پھرقوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال جس مشن ٹونٹی ٹونٹی پر ہیں وہ پورا ہونے والا نہیں، عمران خان 2018 میں 5 سالہ سیریز جیت چکے ہیں۔