فارن فنڈنگ کیس پر اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 24 November,2019 11:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں دیگر جماعتوں کا معاملہ بھی دیکھا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈٰیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم نے ناروے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اسلاموفوبیا کیساتھ جڑا بیانیہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔ یہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ مسلم امہ کا مسئلہ ہے۔ ایسی شر انگیزی سے انتہا پسندی کی سوچ پروان چڑھتی ہے۔ او آئی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ناروے واقعہ کیخلاف قرارداد پیش کی جائے گی۔

ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مہنگائی سےمتعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت نے بجٹ خسارہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور سرکلر ڈیٹ جیسے چیلنجز پر قابو پایا۔ مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بے روزگار اپوزیشن میڈیا پر آنے کیلئے قیاس آرائیاں کر رہی ہے۔ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں جواب جمع کرا چکی ہے اور کچھ نہیں چھپایا جا رہا۔ پی ٹی آئی کے ڈونرز اور کارکنوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف اپنا دفاع کرنے کا حق رکھتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ سے متعلق آئینی اور قانونی جواب جمع کرائے ہیں۔ وزیراعظم کا عزم نیٹ اینڈ کلین حکومت کا ہے۔ اپوزیشن پی ٹی آئی حکومت کیخلاف کوئی سکینڈل سامنے نہیں لا سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ الیکشن شفاف اور آزادانہ نہیں ہوئے۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن سے متعلق اپوزیشن کے بیانیے کی مذمت کی گئی۔

مسلم لیگ ن کے قائد کی بیرون ملک روانگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج کیلئے حکومت نے سہولت کاری کی۔ میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر عدالت نے فیصلہ دیا۔ وزیراعظم نے تقریر میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کی۔ ان کی ذات پرتنقید کرکے اپوزیشن اپنی چوریاں چھپانا چاہتی ہے۔
 

Advertisement