ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریفک حادثہ، آٹھ افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Last Updated On 25 November,2019 10:22 pm

ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) ٹریفک کا یہ اندوہناک حادثہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے علاقہ رمک میں پیش آیا۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ انڈس ہائی وے پر تحصیل پروآ کی حدود میں میرن کے قریب کہیری ڈرین کے قریب مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم سے ہوا۔

حادثہ کے نتیجہ میں آٹھ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جواد خلیل کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی گاڑیاں موقع پر روانہ کر دی گئیں تھیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔