پاکستان کا جی ایس پی پلس درجہ، گورنر پنجاب بھارتی لابی ناکام بنانے کیلئے سرگرم

Last Updated On 04 December,2019 09:50 pm

برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید، گورنر پنجاب چودھری سرور بھارتی سازشیں ناکام بنانے برسلز پہنچ گئے۔ اہم ملاقاتوں میں یورپی رہنماؤں کو پاکستان کی حمایت پر قائل کیا۔

دو روزہ دورہ بیلجئیم کے دوران چودھری سرور نے چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن چودھری پرویز اقبال لوسر کے ہمراہ یورپی یونین کے چیئرمین برائے امور خارجہ، یورپین پارلیمنٹ کے نائب صدر اور اراکین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

چودھری سرور نے یورپی رہنماؤں کو پاکستان کے جی ایس پی پلس درجہ کی تجدید کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر قائل کیا۔ اراکین یورپی پارلیمنٹ نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی مکمل حمایت کی جائے گی۔

اس موقع پر چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن چودھری پرویز اقبال لوسر نے کہا کہ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ دنیا بھر میں بسنے والے محب وطن پاکستانی بھارت کی ہر سازش ناکام بنانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

یورپی یونین آئندہ ماہ میں پاکستان کے جی ایس پی پلس درجہ کی تجدید کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ چودھری سرور نے 2013ء میں بھی پاکستان کو جی ایس پی پلس درجہ دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
 

Advertisement