چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی، الطاف ابراہیم نے قائم مقام کے طور پر عہدہ سنبھال لیا

Last Updated On 06 December,2019 11:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رکن پنجاب الطاف ابراہیم نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، رکن ارشاد قیصر نے ان سے عہدے کا حلف لیا، پانچ میں سے 3 اراکین کی عدم تعیناتی کے باعث الیکشن کمیشن غیر فعال ہو گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی ریٹائرمنٹ کے بعد بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی فہرستوں اور کنٹونمںٹ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کی تیاری رک گئی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آج طے کرے گا کہ نا مکمل کمیشن کے ساتھ امور کیسے چلانے ہیں، جائزہ لیا جائے گا کہ سکروٹنی کمیٹی تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کیخلاف پارٹی فنڈنگ کیسز کی کارروائی جاری رکھ سکے گی یا نہیں؟ یہ طے ہونا بھی باقی ہے کہ کمیشن میں زیر التوا پیٹیشنز پر سماعت جاری رہ سکتی ہے یا نہیں۔

یاد رہے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا 5 سالہ مدت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے، کمیشن کے ممبر بلوچستان اور سندھ بھی تاحال تعینات نہیں ہو سکے، صرف دو ارکان کی موجودگی میں الیکشن کمیشن غیر فعال ہو گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن میں گزرے اپنے آخری روز افسران اور سٹاف سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے قومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بطور ادارہ مزید با اختیار بنانے کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement