ن لیگ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

Last Updated On 01 January,2020 10:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیگی ایم این اے محسن شاہ نواز رانجھا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں‌دائر اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت میں کیس زیر سماعت ہونے کے باوجود نئے آرڈیننس جاری ہو رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین صرف ہنگامی حالات میں آرڈیننسز جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ پاکستان میں ہر قسم کی قانون سازی اسی طریقے سے کی جا رہی ہے۔ پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس جاری کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

محسن شاہ نواز رانجھا کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے اب تک 2,500 سے زائد آرڈیننسز جاری ہو چکے ہیں۔ قانون سازی کا اختیار اصل میں پارلیمنٹ کا ہے۔ عدالت اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے جواب طلب کرے۔

درخواست میں مقدمے کو جلد نمٹانے کے لیے ضروری احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) محسن شاہ نواز رانجھا نے یہ درخواست عمر گیلانی ایڈوکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
 

Advertisement