وزیراعظم سے عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات، سی پیک منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا

Last Updated On 07 February,2020 10:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ، جہانگیر ترین، سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ اور فوکل پرسن پناہ گاہ پروگرام نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ پارٹی امور، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں، سی پیک پر پیشرفت اور پناہ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کو ایم کیو ایم کے ساتھ ملاقات اور آئی جی سندھ کے معاملے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں کراچی کے مسائل اور ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ جہانگیر ترین سے ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان سے فوکل پرسن پناہ گاہ پروگرام نسیم الرحمان نے بھی ملاقات کی اور پناہ گاہوں کے نظم ونسق میں بہتری اور مزید پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے مشاورت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبہ کی جانب سے پناہ گاہوں کی تعمیر میں شراکت داری مثبت اور لائق ستائش اقدام ہے۔

وزیراعظم سے سی پیک اتھارٹی کے چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے بھی ملاقات کی اور منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔