وزیراعلیٰ سندھ کا اچانک سیکریٹریٹ کا دورہ، افسران کی عدم حاضری پر اظہار برہمی

Last Updated On 10 February,2020 02:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے اچانک سندھ سیکریٹریٹ کا دورہ کیا، افسران اور عملے کی عدم حاضری پر شدید غصے کا اظہار جبکہ سیکریٹری جی اے کو طلب کر کے حاضری کا ریکارڈ منگوا لیا۔

سندھ سیکریٹریٹ میں صبح سویرے کھلبلی مچ گئی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ افسران اور عملے کی حاضری کا جائزہ لینے پہنچے تو دوڑیں لگ گئیں۔ سیکریٹریٹ میں محکموں کے وزرا ملے نہ سیکریٹری، عملہ بھی غائب تھا۔ مرادعلی شاہ نے حاضری چیک کی اور صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلی ایکسائز ڈپارٹمنٹ پہنچے تو وزیر، سیکریٹری، ڈپٹی سیکریٹری سب غائب تھے۔ محکمہ انڈسٹریز اور ایریگیشن میں بھی کوئی نہ ملا، محکمہ تعلیم میں سیکریٹری نہیں تھے، صرف چیئرمین پی این ڈی اپنے محکمے میں موجود ملے۔

محکمہ بلدیات کے سیکریٹری روشن شیخ بھی غیر حاضر تھے، عملے نے کہا صاحب چیف سیکرٹری کے اجلاس میں ہیں، پتا چلا کوئی اجلاس ہی نہیں تھا۔ وزیراعلی نے کہا یہ عمل ناقابل برداشت ہے۔
وزیراعلی نے ہدایت کی کہ اگر دس بجے تک اگر افسران نہیں آتے تو فارغ کریں۔ اس سے قبل مرادعلی شاہ نے بلدیہ ٹاون پہنچ کر کراچی میں پولیو مہم کا افتتاح بھی کیا۔