ضمانت توسیع کا معاملہ، نوازشریف کی صحت بارے خط وکتابت کرنیوالے رہنما طلب

Last Updated On 19 February,2020 11:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر قائم خصوصی کمیٹی نے ان کی صحت بارے خط وکتابت کرنے والے رہنماؤں کو طلب کر لیا۔ لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے ای میل موصول ہونے کی تصدیق کردی۔

کمیٹی نے متعلقہ رہنماؤں کو جمرات کو شام چار بجے کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر نواز شریف کی صحت اور میڈیکل رپورٹس بارے بریف کرنے کے لئے کہا ہے۔

خصوصی کمیٹی نے اس سلسلے میں سابق وزیراعظم نواز شریف، خواجہ حارث اور عطا اللہ تارڑ کو ای میل اور مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

کمیٹی میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن آغا بھی شامل ہیں۔

کمیٹی نواز شریف کی صحت اور میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر ضمانت میں توسیع کے معاملے پر سفارشات دے گی۔

جن رہنماؤں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے انہیں نوا ز شریف کی تازہ ترین طبی پوزیشن کی وضاحت بارے کہا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف یا ان کا نمائندہ کمیٹی کے سامنے پیش ہو۔

لیگی رہنما عبداللہ تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں کمیٹی کی جانب سے ای میل موصول ہو گئی ہے۔

 

 

Advertisement