کورونا کی روک تھام کیلئے قواعد وضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اسد عمر

Last Updated On 12 May,2020 07:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ صوبوں کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے قواعد وضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات اور خصوصی اقدامات کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے پہلے تین دن بڑے نازک ہیں، جہاں صوبوں کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے قواعد وضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

وہ اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں نو مئی کے بعد لاک ڈاؤن کی صورتحال اور صوبوں کی طرف سے رمضان المبارک کے لئے طے شدہ قواعد وضوابط پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے رمضان کے آخری عشرے کے دوران مذہبی اجتماعات کے انعقاد کے حوالے سے تمام صوبائی نمائندوں کو اعتماد میں لیا۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور اسلام آباد کے چیف کمشنر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
 

Advertisement