ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبہ کی تحقیقات سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع

Last Updated On 03 June,2020 01:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبہ کی تحقیقات سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی۔ عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کو کیس چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبے سے متعلق سوالات اٹھا دیئے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ دیکھیں گے تعمیراتی ٹھیکہ کیسے دیا گیا ؟۔

پشاور بی آر ٹی منصوبہ کیس کی جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ صوبائی حکومت کی اپیل کو زیادہ عرصے حکم امتناع میں نہیں رکھنا چاہتے، صوبائی حکومت بی آر ٹی کیس چلائے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بطور عدلیہ منصوبے کے حوالے سے مخصوص چیزوں کا جائزہ لینا ہے، منصوبے کے ڈیزائن میں بار بار عوام کے پیسے سے تبدیلی کی گئی، منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کا جائزہ بھی لیں گے، دیکھنا ہے کہ منصوبے میں کہیں مفادات کا ٹکراؤ تو نہیں ؟ منصوبہ کہیں بغیر تیاری کے شروع تو نہیں کیا گیا ؟ منصوبے میں غلطیوں کو بھی دیکھنا ہے، صوبائی حکومت نے کہیں ادھورے منصوبے پر اربوں روپے تو نہیں لگا دیئے ؟ شفافیت کا جائزہ بھی لیں گے۔

عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل کی جانب سے التوا کی استدعا پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
 

Advertisement