پنجاب اسمبلی: دوسرے پارلیمانی سال کے 81 ورکنگ ایام مکمل

Last Updated On 04 July,2020 08:59 am

لاہور: (اخلاق باجوہ سے) پنجاب اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کے 81 ورکنگ ایام مکمل ہو گئے۔ آئین کے مطابق 100 ورکنگ ایام مکمل کرنے کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 13 جولائی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کے اب تک 10 اجلاس ہوچکے ہیں اور 81 ورکنگ ایام مکمل ہوئے ہیں جبکہ موجودہ اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال میں 12 اجلاس ہوئے تھے، پنجاب اسمبلی میں اب تک 61 بلوں کی منظوری دی جا چکی ہے جن میں دو پرائیویٹ بل شامل ہیں۔

اہم بل جو حال ہی میں متفقہ طور پر منظور ہوا وہ خدیجہ عمر کا پرائیویٹ بل ہے۔ اس بل کے مطابق اسلامیات، مطالعہ پاکستان، تاریخ، اردو لٹریچر اور دوسرے مضامین کا اسلامی مواد تدریسی کتابوں میں اس وقت تک شائع نہیں ہوگا، جب تک متحدہ علما بورڈ پنجاب منظوری نہیں دے گا۔ بل کے مطابق پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ، متحدہ علما بورڈ پنجاب کی منظوری کا پابند ہوگا۔

اب تک اسمبلی میں 102 تحاریک استحقاق جمع کرائی گئی ہیں جن میں سے صرف 26 کمیٹی کے سپرد ہوئیں، 1119 تحاریک التوا کار اسمبلی میں جمع کرا ئی گئیں، جن میں سے صرف 430 ایوان میں پڑھی گئیں۔ اب تک پنجاب اسمبلی میں 1332 قراردادیں جمع کرائی گئیں جن میں سے صرف 46 رولز کے مطابق منظور ہوئیں۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے حوالے سے وزارت قانون نے سمری تیار کر لی ہے۔ سمری چند روز تک ایوان وزیراعلیٰ بھیج دی جائے گی۔
 

Advertisement