20 کلو آٹا 860 کا ملے گا، پنجاب حکومت، فلور ملز متفق

Last Updated On 07 July,2020 08:45 am

لاہور: (عمران ملک) 20 کلو آٹے کا تھیلا اب 860 روپے کا ملے گا، پنجاب حکومت اور فلور ملز میں اتفاق ہوگیا۔ مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے اس حوالے سے آڈیو پیغام جاری کر دیا اور ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ اب اوپن مارکیٹ میں آٹا 43 روپے فی کلو ملے گا۔ عاصم رضا کا کہنا ہے کہ نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری خوراک نے میٹنگ بلا کر تمام شرائط مان لی ہیں۔

20 کلو آٹے کا ریٹ ایکس مل 837، پہنچ 850 جبکہ صارف قیمت 860 روپے ہو گی۔ یومیہ 16 ہزار 900 ٹن گندم کا کوٹہ ریلیز کیا جائے گا تمام اضلاع میں سرکاری گندم کا کوٹہ 13 بوری فی باڈی یکساں دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق قیمتوں کا اطلاق اگلے دو ماہ کے لئے عارضی ہو گا اور کابینہ کمیٹی اپنے فیصلے میں نئی قیمتوں کے اطلاق بارے ترمیم کرے گی۔

واضح رہے کہ 8 ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں سرکاری طور پر 80 روپے ہوشربا اضافہ ہوا جبکہ فلور ملز مالکان کی طرف سے خود ساختہ پانچ بار اضافہ کیا گیا۔ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1050 سے 1080 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔ جس پر پنجاب حکومت نے 2 جولائی کو آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 850 روپے مقرر کی تھی۔ اس پر فلور ملز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور سرکاری گندم خریدنے سے انکار کر دیا تھا۔
 

Advertisement