ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس: آصف زرداری پر فرد جرم کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

Last Updated On 17 July,2020 02:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف علی زرداری پر فرد جرم کے انتظامات کے لیے رجسٹرار احتساب عدالت کراچی کو خط لکھ دیا۔ جعلی ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر سمیت 14 ملزمان کو 4 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

 رجسٹرار احتساب عدالت کراچی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری پر ٹھٹھہ واٹر سپلائی کے غیرقانونی ٹھیکوں سے متعلق ریفرنس میں 4 اگست کو فرد جرم ویڈیو لنک کے ذریعے عائد کی جائے گی، لہذا کراچی میں تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔

عدالت نے آصف علی زرداری کی شناخت کے لیے عدالتی نمائندہ بھی مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے نیب کراچی کو بھی ہدایت کی ہے کہ فرد جرم کے حوالے سے تمام ملزمان کو بھی آگاہ کیا جائے۔