امریکا جن اقدار کی پاسداری کرتا ہے، وہ مقبوضہ کشمیر میں پامال: اسد مجید

Last Updated On 18 July,2020 12:06 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں تعینات سفیر ڈاکٹر اسد مجید نے کہا ہے کہ امریکا جن اخلاقی اور سیاسی اقدار کی نمائندگی کرتا ہے، آج وہ مقبوضہ کشمیر میں پامال کی جا رہی ہیں، آبادی کا تناسب بدلنے کا قانون جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

پاکستانی سفیر اسد مجید نے نیوز ویک میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مکاری سے کورونا کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کر دی ہے، وباء سے پہلے ہی کشمیری لاک ڈاؤن کا شکار تھے، بھارت نے گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کی، اب آبادی کا تناسب کو بدلنے کے لیے ڈومیسائل لاء متعارف کرایا ہے جو چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

اسد مجید خان کا کہنا تھا کورونا کے باعث پوری دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں اخلاقی اور سیاسی اقدار کو پامال کیا جا رہا ہے، کشمیری عوام امریکی قیادت سے اخلاقی و سیاسی حمایت کی توقع رکھتے ہیں، کشمیریوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کر دیا گیا، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔
 

Advertisement