سینیٹر رضا ربانی نے احتساب کا نیا قانون لانے کا مطالبہ کر دیا

Last Updated On 22 July,2020 06:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنما سینیٹر رضا ربانی نے یہ مطالبہ سیینٹ اجلاس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کی کمیٹی تشکیل دے کر نیا احتساب کا قانون لایا جائے۔

سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کیس میں سپریم کورٹ کے جسٹس مقبول باقر نے تاریخی فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد پارلیمان نے کردار ادا نہ کیا تو تاریخ کے مجرم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر عدالتوں کو ضمانت کے کیسز میں اس فیصلے پر عمل کرنا ہوگا۔ سینیٹ نے سستے انصاف کیلئے سفارشات دیں لیکن عملدرآمد نہیں ہوا۔

رضا ربانی نے تجویز دی کہ پارلیمان کو سپریم کورٹ کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے احتساب قانون کا تعین کرنا ہوگا۔ ایک نئے فیڈرل اکاؤنٹ بیلٹی قانون کی ضرورت ہے۔ سب کے لیے یکساں قانون بنایا جائے۔ ایک قانون اور ایک طریقہ کار سب کے لیے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی مقدس گائے نہیں ہونی چاہیے۔ دونوں ایوان کی یا پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ کمیٹی کی تشکیل کرکے ٹائم فریم کے اندر نیا احتساب کا قانون لانا پڑے گا۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پتا نہیں کس کے ایجنڈے پر ہے۔ باہر سے ایسے ایسے لوگوں کو لا کر کابینہ میں بٹھا دیا، جس کی قانون اجازت نہیں دیتا۔

مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ اثاثے ظاہر کرکے انہوں نے احسان نہیں کیا، یہ جرم کیا کہ کیوں انہوں نے اثاثے چھپائے؟ اب ان سے منی ٹریل مانگیں، انہوں نے پاکستان میں ٹیکس نہیں دیا۔