ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریلوے کے شعبے میں انقلاب آئے گا، شیخ رشید

Last Updated On 11 August,2020 07:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے کوئٹہ تفتان ریل ٹریک کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق قابل عمل ہونے کی جائزہ رپورٹ مکمل کر لی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ تفتان ریل ٹریک سے، جسے ایک سو بارہ ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا، پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت اور مسافروں کی آمدورفت میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تیزی سے تعاون کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منظور کئے گئے ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریلوے کے شعبے میں انقلاب آئے گا۔

ایرانی سفیر نے اقتصادی تعاون تنظیم کے تحت پاکستان، ایران اورترکی کے درمیان مال بردار ٹرین چلانے کے حوالے سے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ادھر وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو ایم ایل ون منصوبے پر پیشرفت کے حوالہ سے آگاہ کیا۔