ٹھٹھہ:کینجھرجھیل میں کشتی الٹ گئی،ایک ہی خاندان کی9 خواتین اوربچی جاں بحق

Published On 17 August,2020 04:36 pm

ٹھٹھہ: (دنیا نیوز) کینجھر جھیل میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں کشتی الٹنے سے اس پر موجود افراد ڈوب گئے ان میں‌ سے 10 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے تاہم باقی کو بچا لیا گیا ہے.

تفصیل کے مطابق چینیسر گوٹھ ہل ایریا کے ایک ہی خاندان کی 15 خواتین اور ایک بچی جھیل کے درمیان میں موجود نوری کے مزار سے لانچ کے ذریعے واپس آ رہے تھے کہ عین وسط میں کشتی الٹ گئی۔

افسوسناک حادثے میں تمام خواتین ڈوب گئیں جس میں سے سات کو بچایا گیا جبکہ 9خواتین اور ایک بچی جاں بحق ہو گئیں، ان میں سے تین خواتین کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال ہہنچایا گیا۔

صورتحال کے پیش نظر سول ہسپتال ٹھٹھہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ زندہ بچ جانے والے اور جاں بحق افراد کو ایدھی ایمبیولینسوں کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

پپپلز پارٹی کے رہنما حمید پنھور اور پی ٹی آئی کے جاوید لطیف نے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے لاشوں کو کراچی منتقل کرانے کی نگرانی کی۔
 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کھینجر جیل میں کشتی الٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی ٹھٹھہ سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ اس وقت ریسکیو ٹیم کہاں تھی؟ ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جانی نقصان ہوا جو بہت تکلیف کی بات ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے ہر قسم کا تعاون کیا جائے۔