موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیخلاف لاہور کے مال روڈ پر جماعت اسلامی کا دھرنا

Published On 17 September,2020 06:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعے کیخلاف دھرنا دیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں لاقانونیت کی وجہ سے درندے سڑکوں پردندناتے پھرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا دھرنے سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی ماں بیٹی گھر سے اکیلی باہر نہیں نکل سکتی، بچے اور بچیاں بھی محفوظ نہیں لیکن حکمران پھر بھی تبدیلی کے دعویدار ہیں۔ عوام کو موجودہ نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 25 فیصد جرائم میں اضافہ ہوا۔ ایسے ماحول میں حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران کہتے ہیں ہم تو تبدیلی لائے ہیں۔ قوم جب کہتی ہے کہ ہمیں تبدیلی چاہیے تو پانچ بار آئی جیز کو تبدیل کر دیا گیا۔ ہمیں پی ٹی آئی، وزیراعظم، گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہیے۔
 

Advertisement