وزیراعلی پنجاب کے حکم پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی تبدیل

Published On 23 September,2020 02:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر میں صفائی کی صورتحال تو تبدیل نہ ہوسکی تاہم ایک اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو عہدے سے تبدیل کردیا گیا، وزیراعلی پنجاب کے حکم پر ایم ڈی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، عثمان بزدار کہتے ہیں کہ اب غفلت کی کسی کے پاس گنجائش نہیں۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس لے لیا، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلی عثمان بزدار کی واضح ہدایات کے باوجود صفائی کے انتظامات میں بہتری نہ آنے پر ایکشن بھی سامنے آ گیا۔

وزیراعلی پنجاب نے ایم ڈی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا، سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہر میں کوڑا کرکٹ کو اٹھانا اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا ایل ڈبلیو ایم سی کی ذمہ داری ہے۔ واضح ہدایات کے باوجود زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی نہیں بنایا گیا۔ شہر میں صفائی کے انتظامات کے حوالے سے کوتاہی برتی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ایسا تساہل کسی بھی صورت برداشت نہیں، اب کام کرنے والے ہی پنجاب میں رہیں گے۔