شراب لائسنس کیس: گرفتار اکرم اشرف گوندل دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

Published On 18 September,2020 04:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے شراب لائسنس کیس میں گرفتار اکرم اشرف گوندل کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور نیب کو آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے مقدمہ کی سماعت کی ن یب نے گرفتار سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت پیش کیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لائسنس جاری کیا، ملزم سے مختلف دیگر ملزمان کا سامنا کروانا ہے، عدالت 15روزہ جسمانی ریمانڈ دے۔

یہ بھی پڑھیں: شراب لائسنس کیس: سابق ڈی جی ایکسائز اکرام اشرف گوندل گرفتار

سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سے قبل محکمہ ایکسائز شراب کے 9 لائسنس جاری کر چکا ہے،لائسنس جاری کرنے سے قبل مختلف سرکاری محکموں سے این او سی لیے جاتے ہیں، نہ صرف اس بار بلکہ ہر بار سمری وزیراعلی کو بھجوائی جاتی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ جو سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی تھی اس کا کیا بنا؟ملزم نے بتایا کہ وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری نے سمری واپس بھجوا دی تھی، جس کے بعد قانون کے مطابق لائسنس جاری کیا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ،احتساب عدالت نے ملزم کو 28 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

Advertisement