شراب لائسنس کیس: سابق ڈی جی ایکسائز اکرام اشرف گوندل گرفتار

Published On 17 September,2020 04:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے شراب لائسنس کیس میں سابق ڈی جی ایکسائز اکرام اشرف گوندل کو گرفتار کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل نے وزیراعلیٰ کے خلاف اہم گواہ بننے کے لیے نیب میں درخواست داخل کی تھی۔

شراب لائسنس اجرا کیس میں سابق ڈی جی ایکسائز اکرام اشرف گوندل کی گرفتاری کے بادل گزشتہ ماہ سے ہی ان پر منڈلا رہے تھے۔

نیب کے مطابق تمام دستاویزی ثبوتوں میں لائسنس اجرا کی اجازت پر اکرام اشرف گوندل کے دستخط موجود ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سابق پرنسپل سیکرٖٹری ڈاکٹر راحیل صدیقی کے دستخط کسی بھی سرکاری دستاویز پر موجود نہیں ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق اکرام اشرف گوندل نے وعدہ ،معاف گواہ بننے کی درخواست میں تحریر کیا تھا کہ ڈاکٹر راحیل سے اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ مبینہ طور پر سات کروڑ روپے کی رشوت وصولی کس کے کہنے پر ہوئی؟

ادھر نیب کے سوالنامے پر جمع کرائے گئے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے موقف اپنایا تھا کہ میرا، صوبائی چیف سیکریٹری یا ان کے پرنسپل سیکرٹری کا شراب لائسنس کی منظوری میں کوئی کردار نہیں ہے۔
 

Advertisement