وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ

Published On 19 September,2020 11:10 am

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ملتان میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وہاڑی، ملتان، بارتھی اور فاضلہ کچھ کے دوروں کے دوران عوامی مطالبات پر رپورٹ مانگ لی۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز اپنے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں، عوامی نمائندوں کی تجاویز اور سفارشات کو ملحوض خاطر رکھا جائے، کسی کا بھی جائز کام نہ روکا جائے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اب لاہور نہ آنا پڑے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے افسر دن رات محنت کر یں اور عوام کے مسائل پر بھر پور توجہ دیں، مسائل کے حل پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے خود میٹنگ لوں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ڈیرہ غازی خان کے دور دراز علاقوں میں پولیس کا گشت دوبارہ شروع کروایا جائے، افسران مسائل کے حل کیلئے عوام سے رابطے بہتر بنائیں، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے، عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

خیال رہے عثمان بزدار کی اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنر، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 

Advertisement