پیپلز پارٹی کا شیخ رشید پر جوابی وار، غداری کا مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ

Published On 24 September,2020 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر شیخ رشید کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ نفیسہ شاہ اور پلوشہ خان نے کہا کہ شیخ رشید جیسے خود ساختہ ترجمانوں کو شٹ اپ کال دی جائے۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا کہ اب ملاقاتوں کا نیا بیانیہ شروع کر دیا گیا ہے۔ آرمی چیف کے ساتھ سیاستدانوں کی قومی سلامتی ایشوز پر ہونے والی ملاقات کو غلط رنگ دینا افسوسناک ہے۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اے پی سی کے بعد اب ملک میں سویلین بالادستی کے لیے جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں پلوشہ خان نے الزام عائد کیا کہ قومی سلامتی کے معاملات کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ذرائع ابلاغ میں لایا گیا۔ یہ سب کچھ وزیراعظم کی ہدایت پر کیا گیا۔

پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد اپنے حلف سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ کل جو کچھ ہوا، یہ سب بھارت کی ایماء پر کیا گیا۔ شیخ رشید اور ان جیسے ترجمانوں کو ادارے اپنے کندھوں سے جھاڑ دیں۔