لندن: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے سیاسی جدوجہد کو تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے ہمارا جذبہ اور بڑھا ہے۔
نواز شریف کا پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دیانتداری سے قوم اور ملک کی خدمت کی، کے ساتھ ہونے والے سلوک پر دکھی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کیساتھ جو سلوک ہو رہا ہے، تاریخ میں ایسا سیاہ رویہ نہیں دیکھا۔ شہباز شریف نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔
قوم کی خدمت کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انشاء اللہ ہم اپنی جدوجہد مزید تیز کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں جو اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے انھیں علاج کے بغیر پاکستان آنے سے منع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ممبرز نے نواز شریف کی قیادت پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے حکومت مخالف تحریک کے لیے تجاویز طلب کر لیں۔
اجلاس میں کسی بھی فرد کی گرفتاری پر سخت ردعمل اور احتجاج کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ نواز شریف نے اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں جارحانہ کردار ادا کرنے کی ہدایات دیں۔
نواز شریف نے پارٹی کو ہدایت کی کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت کے خلاف (ن) لیگ موثر کردار ادا کریں۔ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قیادت سے خود رابطہ کروں گا۔
شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس سے قائد نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ان کا خطاب میں کہنا تھا کہ ہم حق کے راستے پر ہیں، ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام رہی۔ بے روزگاری اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انسانی حقوق کو سلب کیا جا رہا ہے۔ دنیا میں آزادی بڑھ اور پاکستان میں کم ہو رہی ہے۔