میاں نواز شریف کو لانا ضروری، لیکن آسان نہیں ہوگا: فواد چودھری

Published On 04 October,2020 06:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو واطن واپس لانا ضروری ہے لیکن یہ آسان نہیں ہوگا۔ نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ابو بچاؤ تحریک پاکستان انتشار پارٹی میں بدل گئی۔ نوازشریف چاہتے ہیں وہ لندن میں رہیں اور عوام سڑکوں پر نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ بدقسمتی سے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو شدت پسندوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ دونوں جماعتوں کو شادی ہالز میں جلسے کرنے چاہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی پر پابندی نہیں لگائی۔ نواز شریف اور مریم جتنا بولتے ہیں، خود کو ایکسپوز کرتے ہیں۔ سینئر وکیل خود عدالت گئے۔ پیمرا نے عدالتی حکم پر پابندی لگائی ہے۔ ہم تو چاہتے ہیں کہ ان کی تقریریں لوگ سنیں تاکہ مزید ایکسپوز ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کو پیمرا کے خلاف عدالت جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے۔ نواز شریف کو لانا ضروری ہے لیکن آسان نہیں ہوگا۔ ہماری نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں لیکن وہ ملک کا اربوں روپیہ لے کر بیرون ملک چلے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن کو جواب دینا ہوتا ہے۔ میڈیا سپیس خالی نہیں چھوڑ سکتے۔ پاکستان کی فوج اور عدلیہ پاکستان کی ریاست کی ضامن ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو جائے گی۔ اپوزیشن تنقید ضرور کرے لیکن اداروں پر تنقید کا مقصد ریاست کی بنیادوں کو ہلانا ہے۔ اداروں پر تنقید دشمن کا بیانیہ ہے۔ اپوزیشن کے بیانیے میں چھلنی سے بھی زیادہ جھول اور مضحکہ خیز ہیں۔