اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بنڈل آئی لینڈ کوئی ہاؤسنگ پراجیکٹ نہیں ہے، ہم اسے اٹھا اسلام اباد نہیں لے آئیں گے، یہ صوبے کا ہی حصہ رہے گا۔
وزیراعظم عمران خان کیساتھ اہم ملاقات کے بعد وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ بنڈل آئی لینڈ راوی سٹی سے زیادہ بہتری سے ابھرے۔ ہم وہاں دو نئے شہر آباد کرنا چاہتے ہیں۔ آلودگی کے مسائل کو مدنظر رکھ کر جامع ماسٹر پلان پر شہر آباد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ کی تعمیر کے بعد ایک اندازے کے مطابق وہاں چالیس سے پچاس لاکھ سیاح آئیں گیے، اس کا تمام ریونیو سندھ حکومت کو ہی جائے گا۔ اس پراجیکٹ سے ڈیڑھ لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گئی۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور وفاق کیساتھ فشیرز کے لوگ بھی اس میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔ یہ منصوبے پاکستان کی معشیت کو بڑھانے کے لیے شروع کیے جائیں گیے۔ کسی کو اس منصوبے پر تحفظات نہیں ہونے چاہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم اس منصوبے کو سندھ حکومت کیساتھ مل کر بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات دور کریں گے۔ صوبائی حکومت کے تعاون کے بغیر یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم بھی سندھ کے بیٹے ہیں۔ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جزائر پر قبضہ ہو رہا ہے۔ بلاول نے بھی ٹویٹ کر دی تھی یہ پاکستان کی بہتری کے لیے شہر آباد ہوگا۔