پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کونسل کے فورم میں اٹھائے گا: وزیر خارجہ

Published On 14 October,2020 05:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم اور جارحیت کا معاملہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے فورم میں اٹھائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن کونسل کے دوبارہ انتخاب نے ہمیں اس سلسلے میں ایک انوکھا موقع فراہم کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی غیرقانونی مقبوضہ جموں و کشمیر جل رہا ہے ، اور وہاں مواصلات کی بندش سمیت مختلف حربوں کے ذریعے لوگوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جبکہ بھارت آزاد مبصرین کو مقبوضہ علاقے کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں رہا ہے ، لہذا کشمیریوں کی آواز بلند کرنے کے لئے انسانی حقوق کونسل ایک موثر فورم ہے۔

وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مظلوم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے حق میں جدوجہد میں اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ہماری دوسری ترجیحات میں دنیا کو اسلامو فوبیا سے لاحق خطرے کے بارے آگاہ اور مسلم امہ کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی نمایاں سفارتی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ یہ کامیابی انسانی حقوق کونسل میں ہماری 3 سالہ کارکردگی کو بھی نمایاں کرتی ہے۔

ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کوسفارتی محاذ پر نمایاں کامیابی ملی ہے۔ پاکستان واضح برتری سے انسانی حقوق کونسل میں دوبارہ منتخب ہوا ہے۔ 191 میں سے پاکستان کو 169 ووٹ ملے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں ہر ریجن سے پاکستان کو حمایت ملی ہے۔ بااثر اور بڑے ممالک نے بھی پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ ترقی پذیر ممالک نے بھی پاکستان کو ووٹ دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے ساتھ دینے پر سب ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ووٹ انسانی حقوق کونسل میں ہماری 3 سالہ کارکردگی کو بھی نمایاں کرتا ہے۔ آج پاکستان کے کردار کو دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاکستان کے کریڈینشل میں ایک اچھا اضافہ ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں۔ ایسے میں پاکستان کا اس ادارے کا حصہ ہونا بہت اہم کامیابی ہے۔ ان انتخابات میں حمایت کے حصول کیلئے وزیراعظم عمران خان نے مختلف ممالک کے سربراہان کو خطوط لکھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے بطور وزیر خارجہ، مختلف ممالک کے وزارئے خارجہ سے روابط کیے۔
 

Advertisement