بیک ڈور ڈپلومیسی کی عادی نہیں، حکومت سے بات کرنا گناہ سمجھتی ہوں: مریم نواز

Published On 24 October,2020 09:52 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت سے بات کرنا گناہ سمجھتی ہوں، بیک ڈور ڈپلومیسی کی عادی نہیں ہوں، یہ حکومت جمہوری طریقے سے ہی گرے گی۔ ہماری تحریک سے مارشل لاء لگنے کا امکان نہیں۔

کوئٹہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ ریاست کا فرض ہے ناراض لوگوں کو سنیں، ناراض لوگوں کو قومی دھارے میں لے کر چلنے سے ملک مستحکم ہوگا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب چیزیں غلط ہونگی تو آوازیں اٹھیں گی۔ حقیقی سیاسی جماعتیں عوامی ردعمل کے خلاف نہیں جائیں گی۔ بلاول بھٹو کے کوئٹہ آنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اپنا قد بڑا کرنے کیلئے نوازشریف کے نام کی رٹ لگاتے ہیں: مریم نواز

سینئر نائب لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ہم انتظار کیا کہ یہ لوگ حکومت کیسے کرتے ہیں مگر یہ ناکام ہوئے۔ اب لوگوں کو پتہ چلا کہ مافیا کیا ہوتا ہے۔ اب اس حکومت کا عوام کے سامنے ٹھہرنا مشکل ہے۔ کٹھ پتلی حکومت سے بات گناہ سمجھتی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیک ڈور ڈپلومیسی کی عادی نہیں ہوں، یہ حکومت جمہوری طریقے سے ہی گرے گی۔ جنہوں نے بلوچستان میں ماں باپ پارٹی بنائی انہیں حساب دینا ہوگا۔ اسمبلیوں میں اگر استعفے دیدئے تو حکومت کام تمام ہو جائے گا۔ ہماری تحریک سے مارشل لاء لگنے کا کوئی امکان نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ماضی کا حصہ ہیں۔ آزمائے ہوئے لوگ مارشل لاء نہیں لگا سکتے۔