لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اپنا قد بڑا کرنے کیلئے نوازشریف کے نام کی رٹ لگاتے ہیں، اب یہ معاملات زیادہ دیر نہیں چل سکتے، اب این آر او کی ضرورت عمران خان کو ہے، کراچی واقعہ سے حکومت کی بدنامی ہوئی۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئٹہ جلسہ میں نواز شریف خطاب کریں گے، کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے بعد آپ نے بہت بدنامی کمالی ہے، کراچی واقعہ سے حکومت کی بدنامی ہوئی، اس واقعہ کی انکوائری کی ضرورت نہیں، حکومت کی ساری توجہ نواز شریف پر ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، ملک میں لوگ آٹا اور چینی کو ترس گئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا لوگوں کو سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہے، برطانیہ عمران خان کی بڑھکوں کو کچھ نہیں سمجھتا۔
بعدازں پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے کوئٹہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا، نواز شریف کی آواز پورے پاکستان میں گونج رہی ہے، 72 سالہ تاریخ میں عوام نے خوف کی زنجیریں توڑی ہیں، پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں نے خوف سے آزاد ہو کر اتحاد کیا، خوف میں رکھنے والوں کے احتساب کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف ملک میں نہ ہوتے ہوئے بھی چھائے ہوئے ہیں، عوام نواز شریف کو مسیحا سمجھ رہے ہیں، نواز شریف نے ریاست سے اوپر ریاست کی بات کی، آئی جی کو اٹھانے کے بعد ثبوت دیا گیا ریاست کے اوپر ریاست کیا ہوتی ہے، کراچی واقعہ کے بعد وزیراعظم منظر سے غائب ہیں، وزیراعظم بھی کراچی واقعہ سے لاعلم ہیں، سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دی، کہا ان حالات میں کام نہیں کرسکتے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا ہمیں ہر حال میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا ہے، ہم پاکستان سے محبت کرنیوالے لوگ ہیں، نواز شریف نے ذاتی مفادات کی قربانی دے کر وطن عزیز کی بات کی، حکومت نے ریاست کی طاقت کو اپنی طاقت سمجھ لیا ہے، آٹا، چینی، ادویات کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔