کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مزار قائد پر نعرے لگوا دئیے، وزرا کی سخت تنقید

Published On 18 October,2020 08:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مزار قائد پر حاضری کے دوران ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے لگوا دیئے۔ سیاسی رہنماؤں نے ان کے اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ان لوگوں کا کوئی ظرف نہیں ہے۔ یہ لوگ احترام کے تقاضوں سے ناواقف ہیں۔ ان لوگون کی ذہنی پسماندگی سامنے آئی ہے۔ کیپٹن صفدر کا دماغ ویسے بھی چھوٹے بچوں جیسا ہے۔ ان لوگوں کو اپنے کئے پر معافی مانگنی چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سید شبلی فراز نے بھی اس اقدام پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابائے قوم کے مزار کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرنا قابل مذمت وشرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جا کر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں ہے۔ ان کی نہ کوئی سمت ہے نہ کوئی پلان اور نہ ہی ان کے نظریات اور موقف ایک ہیں۔ ان کے پاس صرف ذاتی دکھ ہیں، عوام کیلئے کچھ نہیں۔ اس مرتبہ مولانا سے پہلے تقریر کرا لیں، خالی کرسیوں سے تقریر کرانا ان کا مذاق اڑانا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ بابائے قوم کے مزار کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ محسن پاکستان کے مزار پر جا کر معافی مانگتے کہ ہم نے ان کے بنائے وطن کو بے دردی سے لوٹا، نظریے سے انحراف کیا اور اپنی جیبیں بھر کے پاکستان کے عوام کو کنگال کیا۔
 

 

Advertisement