کراچی: (دنیانیوز) بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے مریم نواز سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر دکھ ہوا، آپ کیساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں، رات گئے اس طرح گرفتاری سندھ کی روایات کے منافی ہے، سندھ حکومت کو گرفتاری سے آگاہ نہیں کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ کو تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنوں کے خلاف بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ قائداعظم مزار پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ 6،8 اور 10 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل ن لیگی رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری کے دوران سیاسی نعرے بازی کی گئی تھی۔