کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی ادارہ آزاد نہیں ہے، ہم اداروں کوکمزورنہیں کرنا چاہتے۔ پروڈکشن آرڈر ارکان اسمبلی کا حق، وہ امپائر کی انگلی نہیں عوامی اشارہ دیکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے سلسلے میں باغ جناح کا دورہ کیا، سابق وزرائے اعظم یوسف رضاگیلانی اورراجہ پرویزاشرف ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ہمراہ تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر کو دہشتگردی کا بڑا واقعہ ہوا تھا، پی ڈی ایم نے ہمیں موقع دیا کہ ہم یہاں سے جدوجہد کا آغاز کریں، یہ تاریخی دن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر کو محترمہ واپس آئیں اور مقابلہ کرتی رہیں۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے کبھی کارکنان کو تنہا نہیں چھوڑا، آخر وقت تک اپنا پیغام دیتی رہیں، دوسو جیالوں کی قربانی کے باعث جمہوریت ملی۔
چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی ادارہ آزاد نہیں ہے، ہم اداروں کوکمزورنہیں کرنا چاہتے۔ ہم چاہتے ہیں ہرادارہ اپنا کام کرے۔ عمران ہرتقریرمیں کہتا ہے ادارے میرے ساتھ ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ملک میں تاریخی بیروزگاری اور غربت ہے، ان سب کا حل صرف جمہوریت ہے، کل پورا پاکستان دیکھے گا عوام ایک طرف اور کٹھ پتلی انتظامیہ دوسری طرف ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر اراکین اسمبلی کا حق ہے، ہم امپائر کی انگلی کی طرف نہیں ، عوام کے اشارے کی طرف دیکھتے ہیں،، عوام کی ناراضگی سب کے سامنے ہے۔ ملک کےعوام عدلیہ کی طرف انصاف کی نظر سے دیکھ رہے ہیں، عوام بی آر ٹی اور علیمہ باجی کیس کا فیصلہ چاہتے ہیں، ہر کرپٹ کا احتساب اور قانون چاہتے ہیں