اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے الیکشن سے متعلق پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف دھاندلی کا دوسرا نام ہے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے انتخابات میں مداخلت سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کا صاف و شفاف ہونا انتہائی لازمی ہے، گلگت بلتستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل خطہ ہے اور اس الیکشن کو صاف و شفاف بنانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں کسی قسم کی بھی پری پول ریگنگ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیاجائے گا، اگر اس حساس خطے میں انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو یہ نیشنل سیکیورٹی رسک ہوگا، تحریک انصاف دھاندلی کا دوسرا نام ہے۔
چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گلگت کے لوگ پیپلز پارٹی سے محبت رکھتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ کے ذریعے عزت دی ہے۔ انتخابات میں بھی عوام اعتماد کا اظہار کرے گی۔
انہوں نے تمام امیدواروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ وہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع اور اپنے اپنے حلقوں میں پیپلز پارٹی کے منشور کر گھر گھر تک پہنچائیں تاکہ عوام پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے رشتے کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرے اور پیپلزپارٹی عوام کے اس اعتماد کو بحال رکھنے کے لئے عوام دوست اقدامات اٹھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے گلگت بلتستان کے انتخابات پر کسی بھی قسم کی مداخلت پر مذمت کرتے ہیں وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے انتخابات میں مداخلت سے گریز کرے۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنا 2018 کے منشور کے تحت الیکشن میں حصہ لے گی جس میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنائے گی اور اس منشور کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ہی اقدامات اٹھائے گی۔
اس موقعے پر چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے گلگت بلتستان کے تمام انتخابی حلقوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور موجودہ حالات سے آگاہ کیا۔
چیئر بلاول بھٹو زرداری نے اپنی صوبائی تنظیم کی کارکردگی کو سراہا اور اپنے تمام نامزد امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی بی کے جیالے ہر طرح سے میدان میں اترنے کے لئے تیار ہیں اور ہم عوامی طاقت سے الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے۔