اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے بھی اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ آصف علی زرداری اے پی سی میں شرکت کریں گے۔
President Asif Ali Zardari will join opposition APC 20th September via video link inshAllah.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) September 19, 2020
ٹویٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ کل 20 ستمبر کو ہونے والی اے پی سی میں آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا فون، نواز شریف نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر لی
گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو ٹیلیفون کیا تھا اور ان کو اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت تھی جو انہوں نے قبول کر لی تھی۔
Just spoke to Mian Mohammad Nawaz Sharif. Enquired about his health. Also invited him to virtually attend opposition APC, hosted by PPP, on 20th September.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) September 18, 2020
ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا ہےکہ نوازشریف کا اےپی سی سےخطاب سوشل میڈیاپلیٹ فارم سے دکھانےکےاقدامات کیے جارہے ہیں جس پر حکومت نے شدید رد عمل دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی کے دوران نواز شریف کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر آپشن استعمال ہوں گے، کیسے ممکن ہے مفرور مجرم سیاسی سرگرمیاں کرے اور بھاشن دے۔
شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ کل زرداری ہاؤس اسلام آباد میں تاریخی نتیجہ خیز سیاسی اجتماع ہوگا، بلاول کی میزبانی میں اے پی سی قومی سیاست میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی، حکومت کےغیر جمہوری طرز عمل نے اپوزیشن کو متحد ہونے پر اکسایا۔ مقام کو تبدیل کر دیا گیا ہے، اب یہ اے پی سی میریٹ ہوٹل میں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کہ اے پی سی کا سادہ ایجنڈا ہے کہ حکومت سے کیسے جان چھڑانی ہے، حکمرانوں کو گھر بھیجنے کا وقت آ گیا۔ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ان کے اپنے اتحادی ساتھ نہیں کھڑے۔
دریں اثناء آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لئے لیگی صدر شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کی 11 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔
مریم اورنگزیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، احسن اقبال، ایاز صادق وفد میں شامل ہوں گے۔ خواجہ آصف، پرویز رشید، رانا ثنااللہ اور امیر مقام بھی اے پی سی کا حصہ ہوں گے۔