بدین: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بارشوں کی تباہ کاریوں کے بعد سندھ کو عالمی امداد کی ضرورت، سپیشل پیکیج نہیں، اپنا حق چاہیے، نہ ملا تو اسلام آباد کا راستہ بھی جانتے ہیں۔
تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو زرداری بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر ضلع بدین کے قصبے ٹنڈو باگو پہنچنے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر لوگوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کو پتا ہے کہ آپ لوگ مشکل میں ہیں۔ عوام کا بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا ہے۔ ہم آج یہاں مشکل وقت میں آپ کا ساتھ دینے آئے ہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے یہاں کے لوگوں کو اکیلا چھوڑ دیا ہے جبکہ بین الصوبائی معاملات کی وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا بھی غائب ہیں۔ انہوں نے فہمیدہ مرزا کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بدین کی سلیکٹڈ وزیر نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ زراعت کے معاملے پر ایمرجنسی ڈیکلئیر کرنا تحریک انصاف کا منشور تھا لیکن ان کی حکومت میں کسان پریشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بارش سے فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، زراعت ایمرجنسی نافذ کی جائے۔